Sunday, February 25, 2018

عید نوروز کی شرعی حیثیت


اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ اسلام جو کہ دین فطرت ہے اس میں عید کا نہ صرف تصور موجود ہے بلکہ اس میں بعض عظیم الشان عیدیں بھی موجود ہیں جیسے عید الفطر ، عید الاضحیٰٰ ، عید غدیر اور عید مباہلہ وغیرہ مگر اس میں بعض ایسی  عیدیں بھی داخل  کردی گئی ہیں جن کا تحقیقی  نقطہ نگاہ سے اسلام سے کوئی ربط و تعلق نہیں ہے  جیسے عید نوروز جسے بڑی دھوم دھام اور بڑے طمراق سے منایا جاتا ہے اور اس میں بعض مخصوص رسمیں ادا کی جاتی ہیں اور بعض مخصوص اعمال بجا لائے جاتے ہیں 
مگر ہمیں آئمہ اھل بیت (ع) سے کوئی صحیح متصل 
اسناد کے ساتھ

 روایت نہیں ملتی جس میں اس عید کو منانے کا ذکر ہو
 بلکہ اس کے برعکس ہمیں امام موسی ٰٰ کاظم (ع) کے بارے میں ایک معتبر واقعہ ملتا ہے جس میں امام (ع) نے نوروز کے دن  کی  مذمت  کی  ہے 

امام موسی ٰٰ کاظم (ع) کا نوروز کے دن کا غیر اسلامی فعل قرار دینا


ابن شہر آشوب نے روایت کی ہے کہ نوروز کا دن تھا کہ منصور دوانقی نے امام موسیٰٰ کاظم (ع) کو حکم دیا کہ امام (ع)  مجلس تہنیت میں بیٹھیں اور لوگ انہیں مبارک باد دینے کے لئے  آئیں اور اپنے ہدیے اور تحفے ان کے پاس لے آئیں . امام موسی ٰٰ کاظم (ع) نے فرمایا کہ میں نے ان اخبار میں  تفشیش و نظر کی  ہے جو میرے جد رسول اللہ (ص) سے وارد  ہوئی ہیں اس عید کے لئے مجھے کوئی چیز نہیں ملی اور یہ عید اھل فارس کی سنت ہے اور اسلام نے اسے محو  کر دیا ہے اور میں اللہ سے پناہ  مانگتا ہوں  کہ ایسی چیز کا  احیاء کروں جسے اسلام نے محو کر دیا ہو

مناقب// شہر آشوب // ج 2// ص 258

منتہی الامال // عباس قمی // ج 2 // ص 783// طبع ایران 

بحارالانوار// ج 11//ص 399// طبع اایران 







اس سلسلہ میں  جناب معلی بن خنیس کی روایت پیش کی جاتی ہے ، نوروز کے حق میں لیکن یہ روایت کئی وجوہات کی وجہ سے صحیح نہیں ہے 

اولا`` اس روایت کی سند میں انقطاع پایا جاتا ہے کیونکہ شیخ  طوسیٰٰ (رہ)  سے معلی بن خنیس تک کے درمیان سلسلہ سند مکمل نہیں  ہے ، اس میں کافی راویان موجود نہیں ہے ،چنانچہ یہ  روایت منقطع ہے اور ضعیف ہے

ثانیا``  اس سلسلے میں ہم نے آیت اللہ سیستانی سےبھی استفتاء کیا کہ  نوروز کی اھمیت میں آنے والی روایات کے بارے میں ان کی تحقیق کیا ہے تو آیت اللہ سیستانی کا جواب اس طرح تھا

کچھ روایات نوروز کے متعلق وارد ہوئی ہیں مگر ان کا معتبر ہونا ثابت نہیں  ہے





اور یہ روایات درایتہ`` بھی صحیح نہیں ہیں کیونکہ ان روایات میں بیان ہوا  ہے کہ  رسول اللہ (ص) نے نوروز کے دن غدیر خم کے مقام پر امام علی (ع) کی امامت کا اعلان کیا تھا مگر یہ صحیح نہیں ہے کیونکہ 
اسلام کے تمام احکام کا تعلق قمری تاریخوں سے ہے جبکہ اس نوروز کا انحصار شمسی تاریخوں پر ہے کیونکہ یہ دن 21 مارچ کو منایا جاتا ہے، اگر ہم ایک لحاظ سے مان  بھی لیں کہ  مولا علی (ع) کی ولایت کا اعلان نوروز کے دن یعنی 21 مارچ کو ہوا تھا لیکن یہ صحیح نہیں ہے کیونکہ تحقیق کرنے سے معلوم ہوتا ہے کہ 18 ذی الحج 10 ھجری جو  کہ عید غدیر کا  دن ہے ، اگر ہم اس کو انگریزی کیلنڈر کے مطابق دیکھیں تو 18 ذی الحج 10 ھجری کا دن  16 مارچ 620 عیسوی بنتا ہے نہ کہ 21 مارچ جس میں لوگ نوروز مناتے ہیں . سو اس  دن کا تعلق ولایت مولا علی (ع) سے بالکل نہیں ہے

چناچنہ یہ روایت روایتہ``  و درایتہ``  غلط ہے . الغرض نوروز ایک عجمی تہوار ہے .  اس کا اسلامی تہوار ہونا  ثابت نہیں ہے

ایک اشکال اور اس کا رد  

نوروز کے تہوار  کی حمایت کرنے والے یہ اشکال وارد  کرتے ہیں کہ اگر نوروز غیر اسلامی تہوار ہوتا تو فقہاء اس دن غسل کرنے اور روزہ رکھنے کو اپنی کتب میں بیان نہ کرتے 

ہم اس کے جواب میں یہ کہتے ہیں کہ اگرچہ فقہاء نے اس دن غسل کرنے اور روزہ رکھنے کو مستحب گردانا ہے مگر جہاں پر فقہاء نے اس دن غسل اور روزہ رکھنے کو بیان کیا ہے وہاں یہ بھی ساتھ میں لکھا ہے کہ  اس دن غسل کرنا اور روزہ رکھنا شرعا``  ثابت نہیں . آیت اللہ سیستانی ، توضیح المسائل  میں مستحب غسال کی فہرست دی ہے جس میں نوروز کے دن غسل کرنے کا بھی ذکر ہے مگر آگے  ، آیت اللہ سیستانی یہ بھی  لکھتے ہیں کہ

ان میں سے کسی غسل کا  مستحب ہونا ثابت نہیں اور جو شخص بھی ان میں سے کوئی غسل انجام دینا چاہے ضروری ہے کہ رجاء کی نیت سے انجام دے

توضیح المسائل // سیستانی // ص 110 // طبع پاکستان

یعنی معلوم ہوا کہ اس دن یہ اعمال معصومین (ع) سے صحیح ثابت نہیں ہیں . اس لئے اگرکوئی انجام دے تو رجاء یعنی اللہ کی بارگاہ میں قبول ہونے کی نیت سے انجام دے . اس  کا  مطلب ہرگز  نہیں کہ  معصومین 
 (ع) یہ اعمال انجام  دیتے تھے کیونکہ ہمارے پاس اس کے انجام دینے کی کوئی صحیح نص موجود نہیں ہے

تحریر ۔ سید حسنی الحلبی 

No comments:

Post a Comment

صحیح حدیث امام علی ع کے فضائل اور بارہ آئمہ ع کے نام صحیح حدیث میں

﷽ یہ دو صحیح الاسناد احادیث ہیں ایک امام علی ع کے فضائل بزبان نبی کریم ﷺ اور ایک بارہ آئمہ ع نام سمیت ایک ہی حدیث میں (جس پر بعض اہل سن...